Quran Urdu Translation

Surah Al Qiyamah

Translation by Fateh Muhammad Jalundhari

شروع اﷲ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا (ہے)۔


ہم کو روز قیامت کی قسم۔

1

اور نفس لوامہ کی (کہ سب لوگ اٹھا کر کھڑے کئے جائیں گے)

2

کیا انسان یہ خیال کرتا ہے کہ ہم اس کی (بکھری ہوئی) ہڈیاں اکٹھی نہیں کریں گے ۔

3

ضرور کریں گے اور ہم اس بات پر قادر ہیں کہ اس کی پور پور درست کریں۔

4

مگر انسان چاہتا ہے کہ آگے کو خود سری کرتا جائے ‏

5

پوچھتا ہے کہ قیامت کا دن کب ہوگا؟ ‏‏

6

جب آنکھیں چندھیا جائیں

7

اور چاند گہنا جائے ‏ ‏‏

8

اور سورج اور چاند جمع کر دیے جائیں ‏‏

9

اس دن انسان کہے گا کہ (اب) کہاں بھاگ جاؤں ‏‏

10

بیشک کہیں پناہ نہیں ‏

11

اس روز پروردگار ہی کے پاس ٹھکانہ ہے ‏‏

12

اس دن انسان کو جو عمل اس نے آگے بھیجے اور جو پیچھے چھوڑے ہونگے سب بتادئیے جائیں گے ‏

13

بلکہ انسان آپ اپنا گواہ ہے ‏

14

اگرچہ عذر و معذرت کرتا رہے ‏

15

اور (اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم) وحی کے پڑھنے کیلئے اپنی زبان نہ چلایا کرو کہ اسکو جلد یاد کرلو ‏‏

16

اس کا جمع کرنا اور پڑھانا ہمارے ذمہ ہے ‏‏

17

جب ہم وحی پڑھا کریں تو تم اس کو سنا کرو اور پھر اس طرح پڑھا کرو ‏‏

18

پھر اس (کے) معانی کا بیان بھی ہمارے ذمے ہے ‏‏

19

مگر (لوگو) تم دنیا کو دوست رکھتے ہو ‏‏

20

اور آخرت کو ترک کئے دیتے ہو ‏‏

21

اس روز بہت سے منہ رونق دار ہونگے ‏‏

22

(اور) اپنے پروردگار کے محو دیدار ہونگے ‏‏

23

اور بہت سے منہ اس دن اداس ہونگے ‏‏

24

خیال کرینگے کہ ان پر مصیبت واقع ہونے کو ہے ‏‏

25

دیکھو جب جان گلے تک پہنچ جائے ‏‏‏

26

اور لوگ کہنے لگیں (اس وقت) کون جھاڑ پھونک کرنیوالا ہے ‏

27

اور اس (جاں بلب) نے سمجھا کہ اب سے جدائی ہے ‏‏

28

اور پنڈلی سے پنڈلی لپٹ جائے ‏

29

اس دن تجھ کو اپنے پروردگار کی طرف چلنا ہے ‏‏

30

تو اس (ناعاقبت اندیش نے تو کلام خدا کی) تصدیق کی نہ نماز پڑھی ‏‏

31

بلکہ جھٹلایا اور منہ پھیر لیا ‏‏

32

پھر اپنے گھر والوں کے پاس اکڑتا ہوا چل دیا ‏‏

33

افسوس ہے تجھ پر پھر افسوس ہے ‏

34

پھر افسوس ہے تجھ پر پھر افسوس ہے ‏‏

35

کیا انسان خیال کرتا ہے کہ یونہی چھوڑ دیا جائے گا ‏‏

36

کیا وہ منی کا جو رحم میں ڈالی جاتی ہے ایک قطرہ نہ تھا ‏‏

37

پھر لوتھڑا ہوا پھر (خدا نے) اس کو بنایا پھر (اسکے اعضاء کو ) درست کیا‏

38

پھر اس کی دو قسمیں بنائیں (ایک )مرد اور (ایک )عورت ‏‏

39

کیا اس کو اس بات پر قدرت نہیں کہ مردوں کو جلا اٹھائے؟

***********

40


© Copy Rights:

Zahid Javed Rana, Abid Javed Rana,

Lahore, Pakistan

Visits wef Apr 2024

free web page counter