Quran Urdu Translation

Surah Al Saff

Translation by Fateh Muhammad Jalundhari

شروع اﷲ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا (ہے)۔


جو چیز آسمانوں میں ہے اور زمین میں ہے سب خدا کی تسبیح کرتی ہے

اور وہ غالب حکمت والا ہے ۔ ‏

1

مومنو ! تم ایسی باتیں کیوں کہا کرتے ہو جو کیا نہیں کرتے ‏

2

خدا اس بات سے سخت بیزار ہے کہ ایسی بات کہو جو کرو نہیں ‏‏

3

جو لوگ خدا کی راہ میں (ایسے طور) پر پرے (صف)جما کر لڑتے ہیں گویا سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں وہ بیشک محبوب کر دگار  (خد) ہیں ‏

4

اور (وہ وقت یاد کرنے کے لائق ہے) جب موسیٰ نے اپنی قوم سے کہا

کہ اے میری قوم ! تم مجھے کیوں ایذا دیتے ہو حالانکہ تم جانتے ہو کہ میں تمہارے پاس اللہ کا بھیجا ہوا آیا ہوں۔

تو جب ان لوگوں نے کجروی کی خدا نے بھی ان کے دل ٹیڑھے کر دیے

اور خدا نافرمانوں کو ہدایت نہیں دیتا ۔

5

اور (وہ وقت بھی یاد کرو) جب مریم کے بیٹے عیسیٰ علیہ السلام نے کہا کہ

اے بنی اسرائیل میں تمہارے پاس خدا کا بھیجا ہوا آیا ہوں (اور) جو (کتاب) مجھ سے پہلے آچکی ہے (یعنی) تورات اس کی تصدیق کرتا ہوں

اور ایک پیغمبر جو میرے بعد آئیں گے جن کا نام احمد ہوگا ان کی بشارت سناتاہو

(پھر) جب وہ ان لوگوں کے پاس کھلی نشانیاں لے کر آئے تو کہنے لگے کہ یہ تو صریح جادو ہے

6

اور اس سے ظالم کون کہ بلایا جائے تو اسلام کی طرف اور وہ خدا پر جھوٹ بہتان باندھے۔

اور خدا ظالم لوگوں کو ہدایت نہیں دیا کرتا ‏

7

یہ چاہتے ہیں کہ خدا (کے چراغ) کی روشنی کو منہ سے (پھونک مار کر) بجھا دیں

حالانکہ خدا اپنی روشنی کو پورا کر کے رہے گا خواہ کافر ناخوش ہی ہوں ۔ ‏

8

وہی تو ہے جس نے اپنے پیغمبر کو ہدایت اور دین حق دے کر بھیجا

تاکہ اسے اور سب دینوں پر غالب کرے خواہ مشرکوں کو برا ہی لگے ۔ ‏

9

مومنو! میں تم کو ایسی تجارت بتاؤں جو تمہیں عذاب الیم سے مخلصی دے ۔

10

(وہ یہ کہ) خدا پر اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ

اور خدا کی راہ میں اپنے مال اور جان سے جہاد کرو۔

اگر تم سمجھو تو یہ تمہارے حق میں بہتر ہے ۔‏

11

وہ تمہارے گناہ بخش دے گا اور تم کو باغ ہائے جنت میں جن میں نہریں بہہ رہی ہیں

اور پاکیزہ مکانات میں جو بہشت ہائے جاودانی میں (تیار) ہیں داخل کرے گا

یہ بڑی کامیابی ہے

12

اور ایک اور چیز جس کو تم بہت چاہتے ہو

(یعنی تمہیں) خدا کی طرف سے مدد (نصیب ہوگی) اور فتح (عن) قریب ہوگی

اور مومنو کو (اس کی) خوشخبری سنا دو

13

مومنو! خدا کے مددگار بن جاؤ

جیسے عیسیٰ ابن مریم نے حواریوں سے کہا کہ (بھلا) کون ہیں جو خدا کی طرف (بلانے میں) میرے مددگار ہوں؟

حواریوں نے کہا کہ ہم خدا کے مددگا رہیں

تو بنی اسرائیل میں سے ایک گروہ تو ایمان لے آیا اور ایک گروہ کافر رہا۔

آخر الامر ہم نے ایمان لانے والوں کو ان کے دشمنوں کے مقابلہ میں مدد دی اور وہ غالب ہوگئے

***********

14


© Copy Rights:

Zahid Javed Rana, Abid Javed Rana,

Lahore, Pakistan

Visits wef Apr 2024

free web page counter