Quran Urdu Translation

Surah Al Hadid

Translation by Fateh Muhammad Jalundhari

شروع اﷲ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا (ہے)۔


جو مخلوق آسمانوں اور زمین میں ہے خدا کی تسبیح کرتی ہے۔

اور وہ غالب (اور) حکمت والا ہے

1

آسمانوں اور زمین کی بادشاہی اسی کی ہے۔

(وہی) زندہ کرتا اور مارتا ہے۔

اور وہ ہر چیز پر قادر ہے

2

وہ (سب سے) پہلا اور (سب سے) پچھلا اور (اپنی قدرتوں سے  سب  پر)  ظاہر اور  (اپنی ذات سے)  پوشیدہ ہے

اور وہ تمام چیزوں کو جانتا ہے

3

وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دن میں پیدا کیا پھر عرش پر جا ٹھہرا۔

جو چیز زمین میں داخل ہوتی اور جو اس سے نکلتی ہے اور جو آسمان سے اُترتی اور جو اس کی طرف چڑھتی ہے سب اس کو معلوم ہے۔

اور تم جہاں کہیں ہو وہ تمہارے ساتھ ہے۔

اور جو کچھ تم کرتے ہو خدا اس کو دیکھ رہا ہے

4

آسمانوں اور زمین کی بادشاہی اسی کی ہے۔

اور سب امور اسی کی طرف رجوع ہوتے ہیں

5

(وہی) رات کو دن میں داخل کرتا اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے۔

اور وہ دلوں کے بھیدوں تک سے واقف ہے

6

(تو) خدا پر اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور جس (مال) میں اس نے تم کو (اپنا) نائب بنایا ہے اس میں سے خرچ کرو۔

جو لوگ تم میں سے ایمان لائے اور (مال) خرچ کرتے رہے ان کے لئے بڑا ثواب ہے

7

اور تم کیسے لوگ ہو کہ خدا پر ایمان نہیں لاتے۔

حالانکہ (اس کے) پیغمبر تمہیں بلا رہے ہیں کہ اپنے پروردگار پر ایمان لاؤ اور اگر تم کو باور ہو تو وہ تم سے (اس کا) عہد بھی لے چکا ہے

8

وہی تو ہے جو اپنے بندے پر واضح (المطالب) آیتیں نازل کرتا ہے تاکہ تم کو اندھیروں میں سے نکال کر روشنی میں لائے۔

بےشک خدا تم پر نہایت شفقت کرنے والا (اور)  مہربان ہے

9

اور تم کو کیا ہوا ہے کہ خدا کے رستے میں خرچ نہیں کرتے حالانکہ آسمانوں اور زمین کی وراثت خدا ہی کی ہے۔

جس شخص نے تم میں سے فتح  (مکہ)  سے پہلے خرچ کیا اور لڑائی کی وہ  (اور جس نے یہ کام پیچھے کئے وہ)  برابر نہیں۔

ان کا درجہ ان لوگوں سے کہیں بڑھ کر ہے جنہوں نےبعد میں خرچ (اموال) اور (کفار سے) جہاد وقتال کیا۔

اور خدا نے سب سے (ثواب) نیک (کا) وعدہ تو کیا ہے۔

اور جو کام تم کرتے ہو خدا ان سے واقف ہے

10

کون ہے جو خدا کو (نیت) نیک (اور خلوص سے) قرض دے تو وہ اس کو اس سے دگنا کرے

اور اس کے لئے عزت کا صلہ (یعنی جنت) ہے

11

جس دن تم مومن مردوں اور مومن عورتوں کو دیکھو گے کہ ان (کے ایمان) کا نور ان کے آگے آگے اور داہنی طرف چل رہا ہے

(تو ان سے کہا جائے گا کہ) تم کو بشارت ہو (کہ آج تمہارے لئے) باغ ہیں جن کے تلے نہریں بہہ رہی ہیں ان میں ہمیشہ رہو گے۔

یہی بڑی کامیابی ہے

12

اُس دن منافق مرد اور منافق عورتیں مومنوں سے کہیں گے کہ ہماری طرف سے (شفقت) کیجیئے کہ ہم بھی تمہارے نور سے روشنی حاصل کریں۔

تو ان سے کہا جائے گا کہ پیچھے کو لوٹ جاؤ اور (وہاں) نور تلاش کرو۔

پھر ان کے بیچ میں ایک ایک دیوار کھڑی کر دی جائے گی

جو اسکی جانب اندرونی ہے اس میں تو رحمت ہے اور جو جانب بیرونی ہے اسطرف عذاب (واذیت)

13

تو منافق لوگ مومنوں سے کہیں گے کہ کیا ہم (دنیا میں) تمہارے ساتھ نہ تھے

وہ کہیں گے کیوں نہیں تھے۔

لیکن تم نے خود اپنے تئیں بلا میں ڈالا اور (ہمارے حق میں حوادث کے) منتظر رہے اور (اسلام میں)  شک کیا اور (لا حاصل) آرزوؤں نے تم کو دھوکہ دیا

یہاں تک کہ خدا کا حکم آ پہنچا اور خدا کے بارے میں تم کو (شیطان) دغاباز دغا دیتا رہا

14

تو آج تم سے معاوضہ نہیں لیا جائے گا اور نہ (وہ) کافروں ہی سے (قبول کیا جائے گا)

تم سب کا ٹھکانا دوزخ ہے۔

(کہ) وہی تمہارے لائق ہے اور وہ بری جگہ ہے

15

کیا ابھی تک مومنوں کے لئے اس کا وقت نہیں آیا کہ خدا کی یاد کرنے کے وقت اور (قرآن) جو (خدائے) برحق (کی طرف) سے نازل ہوا ہے

اس کے سننے کے وقت ان کے دل نرم ہو جائیں

اور وہ ان لوگوں کی طرف نہ ہوجائیں جن کو (ان سے) پہلے کتابیں دی گئی تھیں۔پھر ان پر زمان طویل گزر گیا تو ان کے دل سخت ہوگئے۔

اور ان میں سے اکثر نافرمان ہیں

16

جان رکھو کہ خدا ہی زمین کو اس کے مرنے کے بعد زندہ کرتا ہے۔

ہم نے اپنی نشانیاں تم سے کھول کھول کر بیان کردی ہیں تاکہ تم سمجھو

17

جو لوگ خیرات کرنے والے ہیں مرد بھی اور عورتیں بھی۔ اور خدا کو (نیت) نیک (اور خلوص سے) قرض دیتے ہیں ان کو دوچند ادا کیا جائے گا

اور ان کے لئے عزت کا صلہ ہے

18

اور جو لوگ خدا اور اس کے پیغمبروں پر ایمان لائے یہی اپنے پروردگار کے نزدیک صدیق اور شہید ہیں۔

ان کے لئے ان (کے اعمال) کا صلہ ہوگا۔ اور ان (کے ایمان) کی روشنی۔

اور جن لوگوں نے کفر کیا اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا وہی اہل دوزخ ہیں

19

جان رکھو کہ دنیا کی زندگی محض کھیل اور تماشا اور زینت (وآرائش) اور تمہارے آپس میں فخر (وستائش)

اور مال واولاد کی ایک دوسرے سے زیادہ طلب (وخواہش) ہے

(اس کی مثال ایسی ہے) جیسے بارش کہ (اس سے کھیتی اُگتی اور) کسانوں کو کھیتی بھلی لگتی ہے

پھر وہ خوب زور پر آتی ہے پھر  (اے دیکھنے والے) تو اس کو دیکھتا ہے کہ (پک کر) زرد پڑ جاتی ہے پھر چورا چورا ہوجاتی ہے

اور آخرت میں (کافروں کے لئے) عذاب شدید اور (مومنوں کے لئے) خدا کی طرف سے بخشش اور خوشنودی ہے۔

اور دنیا کی زندگی تو متاع فریب ہے

20

(بندو) لپکو اپنے پروردگار کی بخشش کی طرف اور جنت کی(طرف) جس کا عرض آسمان اور زمین کے عرض کا سا ہے۔

اور جو ان لوگوں کے لئے تیار کی گئی ہے جو خدا پر اور اس کے پیغمبروں پر ایمان لائے ہیں ۔

یہ خدا کا فضل ہے جسے چاہے عطا فرمائے۔

اور خدا بڑے فضل کا مالک ہے

21

کوئی مصیبت ملک پر اور خود تم پر نہیں پڑتی مگر پیشتر اس کے کہ ہم اس کو پیدا کریں ایک کتاب میں (لکھی ہوئی)  ہے۔

(اور) یہ (کام) خدا کو آسان ہے

22

تا کہ جو (مطلب) تم سے فوت ہوگیا ہو اس کا غم نہ کھایا کرو اور جو تم کو اس نے دیا ہو اس پر اترایا نہ کرو۔

اور خدا کسی اترانے اور شیخی بگھارنے والے کو دوست نہیں رکھتا

23

جو خود بھی بخل کریں اور لوگوں کو بھی بخل سکھائیں

اور جو شخص روگردانی کرے تو خدا بھی بےپروا (اور) وہی سزاوار حمد (وثنا) ہے

24

ہم نے اپنے پیغمبروں کو کھلی نشانیاں دے کر بھیجا۔اور اُن پر کتابیں نازل کیں اور ترازو (یعنی قواعد عدل) تاکہ لوگ انصاف پر قائم رہیں۔

اور لوہا پیدا کیا اس میں (اسلحہ جنگ کے لحاظ سے) خطرہ بھی شدید ہے۔اور لوگوں کے لئے فائدے بھی ہیں

اور اس لئے کہ جو لوگ بن دیکھے خدا اور اسکے پیغمبروں کی مدد کرتے ہیں خدا انکو معلوم کرے۔

بےشک خدا قوی (اور) غالب ہے

25

اور ہم نے نوح اور ابراہیم کو (پیغمبر بنا کر) بھیجا اور ان کی اولاد میں پیغمبری اور کتاب (کے سلسلے) کو (وقتاً فوقتاً جاری) رکھا

تو بعض تو ان میں سے ہدایت پر ہیں۔اور اکثر ان میں سے خارج از اطاعت ہیں

26

پھر ان کے پیچھے انہی کے قدموں پر (اور) پیغمبر بھیجے

اور ان کے پیچھے مریمؑ کے بیٹے عیسیٰ کو بھیجا اور ان کو انجیل عنایت کی۔

اور جن لوگوں نے ان کی پیروی کی ان کے دلوں میں شفقت اور مہربانی ڈال دی۔

اور لذات سے کنارہ کشی کی تو انہوں نے خود ایک نئی بات نکال لی ہم نے ان کو اس کا حکم نہیں دیا تھا

مگر (انہوں نے اپنے خیال میں) خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے (آپ ہی ایسا کرلیا تھا) پھر جیسا اس کو نباہنا چاہیئے تھا نباہ بھی نہ سکے۔

پس جو لوگ ان میں سے ایمان لائے ان کو ہم نے ان کا اجر دیا اور ان میں بہت سے نافرمان ہیں

27

مومنو! خدا سے ڈرو اور اس کے پیغمبر پر ایمان لاؤ وہ تمہیں اپنی رحمت سے دگنا اجر عطا فرمائے گا

اور تمہارے لئے روشنی کردے گا جس میں چلو گے اور تم کو بخش دے گا۔

اور خدا بخشنے والا مہربان ہے

28

(یہ باتیں) اس لئے (بیان کی گئی ہیں) کہ اہل کتاب جان لیں کہ وہ خدا کے فضل پر کچھ بھی قدرت نہیں رکھتے۔

اور یہ کہ فضل خدا ہی کے ہاتھ ہے جس کو چاہتا ہے دیتا ہے

اور خدا بڑے فضل کا مالک ہے

***********

29


© Copy Rights:

Zahid Javed Rana, Abid Javed Rana,

Lahore, Pakistan

Visits wef Apr 2024

free web page counter