Surah Al Fath

Urdu Translation: Shah Abdul Qadir

For Better Viewing Download Arabic / Urdu Fonts

شروع اﷲ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا (ہے)۔


 ہم نے فیصلہ کر دیا تیرے واسطے ، صریح (صاف) فیصلہ(فتح) ۔

1

تا (کہ) معاف کرے تجھ کو اﷲ جو آگے ہوئے تیرے گناہ اور جو پیچھے رہے،

اور پُورا کرے تجھ پر اپنا احسان اور چلائے تجھ کو سیدھی راہ۔

2

اور مدد کرے تجھ کو اﷲ زبردست مدد۔

3

وہی ہے جس نے اتارا چین دل میں ایمان والوں کے، کہ اور بڑھے ان کو ایمان اپنے ایمان کے ساتھ۔

اور اﷲ کو ہیں لشکر آسمانوں کے اور زمین کے۔

اور اﷲ ہے خبردار حکمت والا۔

4

تا (کہ) پہنچائے ایمان والے مردوں کو اور عورتوں کو باغوں میں، نیچے بہتی ہیں انکے نہریں،سدا رہیں ان میں،

اور اتارے(دور کرے) ان سے ان کی برائیاں۔

اور یہ ہے اﷲ کے ہاں بڑی مراد (کامیابی) ملنی۔

5

اور تا (کہ) عذاب کرے دغاباز مردوں کو اور عورتوں کو، اور شرک والے مردوں کو اور عورتوں کو،

جو اٹکلتے (گمان کرتے) ہیں اﷲ پر بری اٹکلیں(گمان) ،

انہیں پر پڑے پھیر مصیبت کا۔

اور غصے ہوا اﷲ ان پر، اور ان کو پھٹکارا، اور رکھا ان کے واسطے دوزخ۔

اور (وہ) بری جگہ پہنچے۔

6

اور اﷲ کے ہیں لشکر آسمانوں کے اور زمین کے۔

اور ہے اﷲ زبردست حکمت والا۔

7

 ہم نے (اے محمدؐ) تجھ کو بھیجا احوال بتانے والا، اور خوشی اور ڈر سناتا۔

8

تا (کہ) تم لوگ یقین لاؤ اﷲ پر اور اس کے رسول پر، اور اسکی مدد کرو اور اسکا ادب رکھو۔

اور اسکی پاکی بولو صبح اور شام ۔

9

اور جو لوگ ہاتھ ملاتے (بیعت کرتے) ہیں تجھ سے، وہ ہاتھ ملاتے (بیعت کرتے) ہیں اﷲ سے۔

اﷲ کا ہاتھ ہے اوپر ان کے ہاتھ کے۔

پھرجو کوئی قول توڑے، سو توڑتا ہے اپنے برے کو۔

اور جو کوئی پورا کرے جس پر اقرار کیا اﷲ سے، دے گا اس کو نیگ (اجر) بڑا۔

10

اب کہیں گے تجھ کو پیچھے رہنے والے گنوار ہم لگے رہ گئے اپنے مالوں میں اور گھروں میں ، سو ہمارا گناہ بخشوا

کہتے ہیں اپنی زبان سے، جو نہیں ان کے دل میں۔

تو کہہ، کس کا کچھ چلتا ہے (زور) اﷲ سے تمہارے واسطے اگر وہ چاہے تم پر تکلیف یا چاہے تم کو فائدہ؟

بلکہ اﷲ ہے تمہارے کام سے خبردار۔

11

کوئی (ہرگز) نہیں! تم نے خیال کیا، کہ پھر کر نہ آئے گا رسول اور مسلمان اپنے گھر کبھی،

اور بھلا نظر آیا تمہارے دل میں یہ ،اور اٹکل (گمان) کی تم نے بُری اٹکلیں(گمان)

اورتم لوگ تھے کھپنے (ہر حال میں ہلاک ہونے) والے۔

12

اور جو کوئی یقین نہ لائے اﷲ پر اور اسکے رسول پر تو ہم نے رکھی ہے منکروں کے واسطے دہکتی آگ۔

13

اور اﷲ کا ہے راج آسمانوں کا اور زمین کا۔

بخشے جس کو چاہے، اور مار (عذاب)دے جس کو چاہے۔

اور ہے اﷲ بخشنے والامہربان۔

14

اب کہیں گے پیچھے رہ گئے (رہ جانے والے) جب چلو گےغنیمتیں لینے کو چھوڑو(اجازت دو) ہم چلیں تمہارے ساتھ۔

چاہتے ہیں کہ بدلیں اﷲ کا کہا (قول)۔

تو کہہ ہمارے ساتھ نہ چلو گے، یونہی کہہ(فرما) دیا اﷲ نے پہلے سے۔

پھر اب کہیں گے، نہیں تم جلتے (حسد کرتے)ہو ہمارے بھلے سے۔

کوئی (ہرگز) نہیں! پر وہ سمجھتے نہیں رہے مگر تھوڑا۔

15

کہہ دے پیچھے رہ گئے گنواروں کو، آگے(عنقریب) تم کو بلائیں گے ایک لوگوں پر،بڑے سخت لڑ دیے(زورآور) ،

 تم ان سے لڑو گے، یا وہ مسلمان ہوں گے۔

پھر اگر حکم مانو گے، دے گا تم کو اﷲ نیگ (اجر) اچھا۔

اور اگر پلٹ جاؤ گے جیسے پلٹ گئے پہلی بار، مار(عذاب)  دے تم کو ایک دکھ کی مار(عذاب) ۔

16

اندھے پر تکلیف نہیں (کہ نہ شریک ہوں جنگ میں)اور نہ لنگڑے پر تکلیف(حرج) ،اور نہ بیمار پر تکلیف۔

اور جو کوئی حکم مانے اﷲ کا اور اس کے رسول کا اس کو داخل کرے گا باغوں میں، جن کے نیچے بہتی ندیاں۔

اور جو کوئی پلٹ جائے، اس کو مار دکھ کی مار(عذاب) ۔

17

اﷲ خوش ہوا ایمان والوں سے، جب ہاتھ ملانے (بیعت کرنے) لگے تجھ سے اُس درخت کے نیچے،

پھر (اﷲ نے) جانا جو ان کے جی میں تھا، پھر اُتارا ان پر چین،

اور انعام دی ان کو ایک فتح نزدیک،

18

اور بہت غنیمتیں، جو ان کو لیں گے۔

اور ہے اﷲ زبردست حکمت والا۔

19

وعدہ دیا ہے تم کو اﷲ نے بہت غنیمتوں کا، تم ان کو لو گے ،

سو شتاب ملا (فوری فتح) دی تم کو یہ، اور روکے لوگوں کے ہاتھ تم سے۔

اور تا (کہ) ایک نمونہ ہو قدرت کا مسلمانوں کے واسطے، اور چلائے تم کو سیدھی راہ۔

20

اور ایک فتح اور جو تمہارے بس میں نہ آئی، وہ اﷲ کے قابو میں ہے۔

اور ہے اﷲ ہر چیز کر سکتا۔

21

 اور اگر لڑتے تم سے کافر، تو پھیرتے پیٹھ، پھر نہ پائیں گے کوئی حمائیتی نہ مدد گار۔

22

رسم (سنت) پڑی اﷲ کی، جو چلی آتی ہے پہلے سے۔

اور تو نہ دیکھے گا اﷲ کی رسم (سنت) بدلتی۔

23

اوروہی ہے جس نے روک رکھے ان کے ہاتھ تم سے، اور تمہارے ہاتھ ان سے، بیچ شہر مکے کے،

پیچھے اس کے کہ تمہارے ہاتھ لگا دیئے وہ۔

اور ہے اﷲ جو کرتے ہو دیکھتا۔

24

وہی ہیں جنہوں نے انکار کیا  اور روکا تم کو ادب والی مسجد سے  اور نیاز کی قربانی کو، بند پڑی (روک) نہ پہنچے اپنی جگہ تک۔

اور اگر نہ ہوتے کتنے مرد ایمان والے اور کتنی عورتیں ایمان والیاں جو تم کومعلوم نہیں،

یہ خطرہ کہ ان کو پیس ڈالتے، پھر تم پر خرابی پڑتی بے خبری سے۔

کہ اﷲ کو داخل کرنا اپنی مہر (رحمت) میں جس کو چاہے۔

اگر وہ لوگ ایک طرف ہو جاتے، تو آفت ڈالتے ہم منکروں کو دُکھ کی مار(عذاب) ۔

25

جب رکھی منکروں نے اپنے دل میں پچ(ضد) ، نادانی کی ضد،

پھر اُتارا اﷲ نے اپنی طرف کا چین اپنے رسول پر اور مسلمانوں پراور لگے (پابند) رکھا انکو ادب (تقویٰ) کی بات پر،

 اور یہی تھے اس کے لائق، اور اس کام کے۔

اور رہے (ہے) اﷲ ہر چیز سے خبردار۔

26

اﷲ نے سچ دکھایا ہے اپنے رسول کو خواب۔

تحقیق (ضرور) تم داخل ہو رہو گے ادب والی مسجد (مسجدالحرام) میں، اگر اﷲ نے چاہا چین سے،

بال مونڈتے اپنے سروں کے، اور کترتے، بے خطرہ۔

پھر جانا جو تم نہیں جانتے، پھر ٹھہرا دی اس سے ورے (قریب) ایک فتح نزدیک۔

27

 وہی ہے جس نے بھیجا اپنا رسول راہ پر  اور سچے دین پر  کہ اوپر رکھے اس کو ہر دین سے۔

اور بس ہے اﷲ حق ثابت کرنے والا۔

28

محمد صلی اﷲ علیہ و سلم رسول اﷲ کے ۔

اور جو اس کے ساتھ ہیں، زورآور ہیں کافروں پر، نرم دل ہیں آپس میں،

تو دیکھے ان کو رکوع میں اور سجدے میں، ڈھونڈتے ہیں اﷲ کا فضل اور اس کی خوشی۔

بانا ان کا (پہچان انکی) ان کے منہ(پیشانی)  پر ہے سجدے کے اثر سے۔

یہ کہاوت (مثال) ہے ان کی توریت میں،

اور کہاوت(مثال) ان کی انجیل میں، (اس طرح) جیسے کھیتی نے نکالا اپنا پٹھا (کونپل) ،پھر اس کی کمر مضبوط کی،

پھر موٹا ہوا، پھر کھڑا ہوا اپنے نال پر، خوش لگتا کھیتی والوں کو

تا (کہ) جلائے ان سے جی کافروں کا،

وعدہ دیا ہے اﷲ نے، انہیں سے جو یقین لائے ہیں اور کئے ہیں بھلے کام، معافی کا اور بڑے نیگ (اجر) کا۔

***********

29


© Copy Rights:

Zahid Javed Rana, Abid Javed Rana,

Lahore, Pakistan

Enail: cmaj37@gmail.com

Visits wef Apr 2024

web counter